اسلام آباد(روزنامہ ناگزیر)جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے حوالے سے جموں کشمیر ہاؤس میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار سے وزیر امور منگلا ڈیم چوہدری قاسم مجید ،حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمد ساغر ،سیکرٹری کشمیر کاز ،لینگویجز اینڈ آرٹس وجاہت رشیدبیگ ،ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ سجاد خان ،پروفیسر ڈاکٹر عزیر الرحمان ،تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے سربراہ راجہ نجابت حسین ،برئگیڈئر(ر) وقار حسن ،لارڈ مئیر ماجد خان نے خطاب کیا ۔اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات و جنگلات انصر یعقوب ،ڈائریکٹر اطلاعات راجہ شاہد کھوکھر ، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ خان افسر خان ،راجہ اسلم خان ،حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین ،ڈپٹی ڈائریکٹر سردار ساجد محمود ،ڈپٹی ڈائریکٹر سردار عظیم سرور ،انفارمیشن آفیسر مقصود احمد ،معاون ناظم اطلاعات خواجہ عمران الحق ،معاون ناظمین راجہ راشد رضا ،انعام الحسن ، فرحان قیوم عباسی بھی موجود تھے ۔وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتی کی نوک پر رکھتے ہیں ۔ شہداء کشمیر کی وجہ سے آزادحکومت قائم ہے،ہم شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرے ،کشمیریوں کی منزل الحاق پاکستان ہے جس کے لئے انہوں نے طویل جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے حق خودارادیت کیلیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کم کرے ۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور وہ بھارت سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت میں ریاست کو حقیقی معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ 7 جنوری کو آپ پارٹیز جموں و کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں کوٹلی میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دفاع حق خودارادیت اجتماع ہو گا انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کیلیے حکومت بھرپور کاوشیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور بھارتی سپریم کورٹ نے اس کی توثیق کی جسے کشمیری عوام نے سختی سے مسترد کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ،یہ تحریک ریاست کے عوام نے چلانی ہے اور اس کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،انہوں نے کہا موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے یہ ہائبرڈ وار کا دور ہے اس لئے ہمیں اس میں بھی کام کرنا ہے آزادکشمیر کی تمام کالجوں میں سیمنار منعقد کی جائیں اور وہاں حریت قائدین ،وزراء اور سکالرز خطاب کریں تاکہ نوجوان نسل مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو سمجھے اور اسے اجاگر کرنے کیلیے کام کرے انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر خدمات انجام دینے والی اپنی عظیم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ حریت کانفرنس کے کنوینئر محمود احمد ساغر نے کہا کہ انشاءاللہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے کر رہیں گے ،1947 میں ڈھائی لاکھ مسلمانوں نے اپنی جانیں دیں اور ایک لاکھ سے زیادہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی میں شہادتیں دے چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظالمانہ اقدامات کر رہا ہے ،مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ظلم وستم برپا ہے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے اقدامات سے ہمیں حوصلہ ملا ہے ،انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیاسی قیادت اور حریت قیادت ملکر تحریک آزادی کو اجاگر کرے گی اور ڈائسپورہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے جہاد کونسل کو بھی اعتماد میں لیا لہذا اب ملکر متحد ہو کر پالیسی سامنے لائیں گے اور تحریک آزادی میں کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو واضح انداز میں بتانا ہو گا کہ کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں ،مسرت عالم بٹ،شبیر احمد شاہ ،یسین ملک سمیت کشمیری بھارتی جیلوں میں بند ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جنگ ہتھیاروں سے نہیں حوصلے سے جیتی جاتی ہے ،ہم مودی کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم اسے مقبوضہ کشمیر سے نکال باہر کریں گے ،اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کشمیری اپنی تحریک آزادی کیلیے ہتھیار اٹھا سکتے ہیں ،تحریکوں میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں مگر ہم نے حوصلہ نہیں ہارنا انشاءاللہ ہم کامیاب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری کے جذبے ،ولولے اور تحریک آزادی کی جدوجہد میں کوئی فرق نہیں آیا ہے ،مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ فریڈم موومنٹ کیلیے تسلسل ضروری ہے، 5 لاکھ شہداء نے تحریک آزادی میں اپنے لہو کا نذرانہ پیش کیا ہے انشاءاللہ کشمیری اپنی تحریک آزادی میں ضرور کامیاب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ڈائسپورہ کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ عالمی برادری کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب دلوائی جا سکے ۔برطانوی پارلیمنٹ ،یورپی پارلیمنٹ میں جو رپورٹس آئی ہیں وہ حوصلہ افزاء ہیں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر ہو رہا ہے اسی تسلسل میں کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا قبلہ پاکستان ہے ،انشاءاللہ کشمیری عوام اپنی منزل الحاق پاکستان حاصل کریں گے ۔سیمنار کی نظامت کے فرائض ڈپٹی ڈائریکٹر سردار ساجد محمود نے ادا کئے ۔