پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکہ
امریکا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے خوشحال و جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے،ترجمان جلینا پورٹر
واشنگٹن(بانگ سحر ویب ڈیسک)امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے کا خیرمقدم کرتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان جلینا پورٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ امریکا مسلسل کہہ رہا ہے کہ ان الزامات میں قطعی کوئی صداقت نہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان جیلینا پورٹر سے پریس بریفنگ میں سوال کیا گیا کہ پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اعلی فوجی اورسول افسران نے شرکت کی، پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہوئی، آپ اس پر کیا تبصرہ کریں گی؟جس پر امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان جلینا پورٹر نے جواب دیا کہ ان افواہوں میں قطعی کوئی صداقت نہیں تھی، اس لیے ہم اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان نے یہ بھی کہا کہ میں بتانا چاہوں گی کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس نے ہمیشہ ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سابق پاکستانی سفیر اسد مجید نے قومی سلامتی کمیٹی کو دھمکی آمیز مراسلے سے متعلق بریفنگ دی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن سے پاکستانی سفارتخانے کے مراسلے کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کا اعادہ بھی کیا گیا۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اجلاس میں کمیٹی نے پاکستانی سفارت خانے کی طرف سے موصول ٹیلی گرام کا جائزہ لیا جس پر امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید نے کمیٹی کو ٹیلی گرام کے مندرجات سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس میں کمیٹی نے مندرجات اور کمیونیکیشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایجنسیوں نے قومی سلامتی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سازش سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ملا، سکیورٹی اداروں کی تحقیقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی۔
پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکہ
Leave a comment