صوبائی وزیر اور سیکرٹری تعمیرات کابینہ کے اگلے اجلاس میں سفارشات پیش کریں، ٹیکنیکل ایجوکیشن کیلئے نیشنل پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم،سردیوں میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائیگا، گلگت بلتستان میں چائینز اور غیرملکیوں کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے، غیرملکی سیاحوں کیساتھ ہر ممکن تعاون کیاجائے،خالد خورشید، صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب
گلگت(نمائندہ بانگ سحر)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری داخلہ کوہدایت کی ہے کہ گلگت بلتستان میں موجود چائینز اور غیرملکیوں کی سیکورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔ صوبے میں آنے والے غیرملکی سیاحوں کیساتھ ہر ممکن تعاون کیاجائے۔ ششپر گلیشیر گلاف کے بعد انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے فوری اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور آفیسران کو ہدایت کی کہ بحالی کے کاموں میں ٹائم لائن پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ لینڈ ریفارمز کمیٹی کو وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ایک ماہ میں سفارشات کو حتمی شکل دے کر متعلقہ فورم میں پیش کریں۔ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ گلگت بلتستان میں سردیوں کے دوران لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم اقدامات کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے نیشنل پولی ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ صوبے کے تمام علاقوں میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سوشل پروٹیکشن پالیسی تیار کی گئی ہے۔ سوشل پروٹیکشن پالیسی کے تحت دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بھی ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔ گلگت بلتستان ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے قیام کے بعد صوبے کے دور دراز علاقوں میں تمام بچوں کو تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ عرصہ دراز سے زیر التواء (Sick) منصوبوں کے حوالے سے صوبائی وزیر تعمیرات اور سیکریٹری تعمیرات آئندہ کابینہ اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کریں جس میں غفلت برتنے والے ملازمین اور ٹھیکیداروں کیخلاف بھی کارروائی تجویز کی جائے۔ تعلیم دوست پالیسیوں اور وزیر اعلیٰ کی خصوصی دعوت پر صوبے میں پہلی مرتبہ این سی اے جیسے ادارے اپنا کیمپس قائم کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کیلئے حکومت نے ڈاکٹروں کے مستقلی کے ایکٹ کی منظوری دی ہے جس پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی وزیر بلدیات اور سیکریٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ لوکل گورنمنٹ کے ورک رولز کو حتمی شکل دیں تاکہ عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کیلئے لوکل گورنمنٹ کے تحت منصوبے شروع کئے جاسکیں۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سینئر صحافی شبیر حسین کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔صوبائی کابینہ کے اجلاس میں این ڈی آر ایم ایف کے سی ای او نے ادارے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان گلیشیرز اور چیلنجز کی وجہ سے فلش پوائنٹ بن چکا ہے۔ این ڈی آرایم ایف صوبائی حکومت کیساتھ مل کر قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے کام کرے گا جس کیلئے گلگت بلتستان میں این ڈی آر ایم ایف کا سب آفس قائم کیا جارہاہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے این ڈی آر ایم ایف کے گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے بچاؤ کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی لینے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بڑے گلیشیرز گلگت بلتستان میں واقع ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے قدرتی آفات کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ ان آفات کو روکنے کیلئے بروقت اقدامات کرنے سے بڑے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔
ناقص منصوبے، ملازمین اور ٹھیکیداروں کیخلاف کارروائی کرینگے،و زیر اعلیٰ
Leave a comment