ہنزہ(نامہ نگار خصوصی)ہنزہ کے قریب گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کی صورتحال بدتر ہو گئی، ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ ہنزہ کی آدھی آبادی کیلئے مستعمل پینے کا واحد واٹر چینل بھی تباہ ہو گیا، انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔شیشپر گلیشیئر سے پانی کا اخراج کم ہو گیا مگر سیلابی صورتحال کے باعث ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ اہم شاہراہ پر پل، مکانات اراضی، دو پاور ہاس سمیت پینے کے پائپ بھی متاثر ہوئے ہیں،مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کا چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ چیف سکریٹری گلگت بلتستان نے ہنزہ حسن آباد میں پیش آنے والے واقع پر قمر زمان کائرہ کو بریفنگ دی اور قمر زمان کائرہ نے چیف سکریٹری گلگت بلتستان کو جلد از جلد تمام تر ضروری اقدامات کر نے کی ہدایت دی۔زمینی رابطہ بحال کرنے،معمولات زندگی بحال کرنے بالخصوص سیاحوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔اسکے علاوہ چیف سیکرٹری نے ڈی سی ہنزہ،کمشنر گلگت ڈویژن،سیکرٹری ورکس گلگت بلتستان کو فورا موقع پر پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔دوسری جانب قمر زمان کائرہ نے زمینی رابطے اور معمولات زندگی بحال کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ شہریوں کو قدرتی آفت سے بچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی جائے۔