ریاض(ویب ڈیسک)سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ عیدالفطرپیر 2 مئی کو منائی جائے گی کیونکہ ہفتے کی شام شوال کا چاند نظر نہیں آیاتھا لہذا اتوارکو تیسواں روزہ رکھا گیا ہے۔جن ممالک میں 2 اپریل کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہوا تھا،وہاں یکم مئی کو رمضان المبارک کی تیس تاریخ ہے۔بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے ٹویٹرپربتایا کہ متحدہ عرب امارات، قطر، عراق، کویت اور بحرین نے بھی اعلان کیا ہے کہ عیدالفطر کا پہلا دن 2 مئی ہوگا۔گذشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات کے بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے کہا تھا کہ عیدالفطر 2 مئی کو ان بیشتر ممالک میں آئے گی جہاں رمضان المبارک کا مقدس مہینہ 2 اپریل سے شروع ہوا تھا۔اس نے مزید کہا تھا کہ 30 اپریل کونئے ماہ کا ہلال دیکھنا ناممکن ہو جائے گا کیونکہ چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا۔رمضان المبارک کے ماہِ مقدس کے اختتام پرمسلمان مذہبی جوش وخروش اور عقیدت واحترم سے عیدالفطرکی تقریبات مناتے ہیں۔ماہِ صیام ہلال چاند کو نظرآنے کی بنیاد پر29 یا 30 دن تک جاری رہتا ہے۔مسلمان 354 یا355 ایام کے سال میں 12 ماہ پرمشتمل قمری تقویم کی پیروی کرتے ہیں۔