چیف سیکر یٹری کی صدارت اہم اجلاس،شہروں کی خوبصورتی کیلئے جاذب نظر اور روایتی تاریخی فن تعمیر کی عکاسی پر مشتمل چوراہوں، بس اڈوں اور دیگر سیاحتی مقامات کی تعمیر، تزئین و آرائش کے منصوبے بنانے کی ہدایت
ہر ڈویژن سے تخلیقی صلاحیتوں کے حامل دس مرد اور دس خواتین اساتذہ کی نشاندہی کی جائے جن کو تعریفی اسناد دی جائینگی تاکہ اساتذہ میں مقابلے کا رجحان پیدا ہو،وڈیو لنک کے زریعے سیکریٹریز کی بھی شرکت
گلگت (نمائندہ بانگ سحر) چیف سیکر یٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ اور دیگر ترقیاتی امور سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر بلتستان ڈویژن کے علاوہ بلتستان انتظامیہ کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی جبکہ وڈیو لنک کے زریعے سیکریٹری داخلہ، سیکر یٹری سیاحت، سیکر یٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکریٹری تعلیم، کمشنر گلگت، کمشنر دیامر استور ڈویژن اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے سیاحت کے فروغ کیلئے اہمیت کے حامل منصوبوں کے اجراء کیلئے تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے شرکاء کو ہدایات دیں کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ اور ترقی کیلئے مناسب اور بروقت منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ کمشنر بلتستان کو ہدایت ہے کہ بلتستان کے تمام اضلاع سے سیاحت کے فروغ اور شہروں کی خوبصورتی کے حوالے سے تجاویز لے کر اسی ہفتے پلاننگ ڈیپارٹمنٹ بھیجی جائیں تاکہ منظوری کے بعد جلد کام کا آغاز ہوسکے نیز علاقے میں آنے والے سیاحوں کو سہولیات بہم پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کمشنر بلتستان اور ڈائریکٹر جنرل سکردو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت دی کہ شہروں کی خوبصورتی کیلئے جاذب نظر اور روایتی تاریخی فن تعمیر کی عکاسی پر مشتمل چوراہوں، بس اڈوں اور دیگر سیاحتی مقامات کی تعمیر، تزئین و آرائش کے منصوبے بنائے جائیں۔ انہوں نے شہر اور سیاحتی مقامات میں بہتر صفائی کیلئے مربوط اقدامات اٹھانے کی ہدایات دیں۔انہوں نے ہدایت دی کہ ہر ڈویژن سے اعلی کارکردگی اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل دس مرد اور دس خواتین اساتذہ کی نشاندہی کی جائے جن کو تعریفی اسناد دی جائینگی تاکہ اساتذہ میں مقابلے کا رجحان پیدا ہو اور ان کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہو سکے۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان سے پریس کلب سکردو کے ایک نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں علاقائی مسائل کے علاوہ صحافیوں کو درپیش مشکلات سے جناب چیف سیکریٹری کو آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ علاقائی مسائل اور صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے۔ جناب چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے ایڈمن کمپلیکس میں بطرف چھومک سکول کے بچوں کے ہمراہ صدا بہار پودے نصب کرکے شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر بلتستان ڈویژن، کنزرویٹر فارسٹ بلتستان سرکل، ڈائریکٹر ایجوکیشن بلتستان ڈویژن، چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈویژنل فارسٹ آفیسر اور کثیر تعداد میں طلباء موجود تھے۔
گلگت بلتستان، سیاحت کے فروغ اور ترقی کیلئے بروقت منصوبہ بندی کی ضرورت ہے،چیف سیکر یٹری
Leave a comment