راولپنڈی(خبر نگار)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے پشاورکورکمانڈرسے متعلق سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات کو انتہائی نامناسب قرار دیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے، اس اہم کورکی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پشاورکورکمانڈر سے متعلق اہم اور سینیئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں، سینیئرقومی سیاسی قیادت سے توقع ہیکہ وہ ادارے کے خلاف متنازع بیانات سے اجتناب کرے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پشاورکور دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے، افواج کے سپاہی اورافسران وطن کی خودمختاری اور سالمیت کی حفاظت جان ہتھیلی پر رکھ کرکر رہے ہیں، ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے تفصیلی بیان جاری کیا ہے،کافی عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ فوج کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں،کچھ روز سے سیاسی لیڈر شپ کے بیانات انتہائی نا مناسب ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ ہم بار بار درخواست کر رہے ہیں کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹاجائے، ہمارا سیاست میں کوئی عمل دخل نہیں، آرمی چیف کی تقرری کا طریقہ کارآئین میں وضع کیا گیا ہے، پاکستان کے قانون کے مطابق فوج کو سیاست سے دور رہنے کا حکم ہے۔میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ ہم بطور ادارہ کافی عرصے سے برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، بطور ملک ہمارے سکیورٹی چیلنجز بہت زیادہ ہیں، افواج مشرقی، مغربی سرحد، شمال میں اندرونی سکیورٹی کی اہم ذمہ داریاں اداکررہی ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہماری تمام لیڈرشپ کی توجہ ان ذمہ داریوں اور ملک کی حفاظت پر ہے، درخواست ہے چاہے سیاستدان ہیں یا میڈیا فوج کو سیاسی گفتگو سے باہر رکھیں۔