اسلام آباد(بانگ سحر نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ گلیشیر پگھلنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،متاثرہ لوگوں کو آباد کرنے کیلئے پورے وسائل بروئے کار لائیں گے۔ پیر کو میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلیشیر کے پگھلنے اور سیلاب سے الحمدللہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایک پل اور دس گھروں کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ لوگوں کو آباد کرنے کیلئے پورے وسائل بروئے کار لائیں گے۔ خوراک اور تیل کی مکمل سپلائی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ متبادل راستوں سے بھی خوراک اور تیل کی ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے،متبادل راستوں سے سیاحوں کے آنے جانے کے راستے کھلے ہیں۔ ہم نے بروقت این ایچ اے اور ایم ڈی ایم اے کو متحرک کیا۔ عارضی پل کی لوکیشن طے کر کے جلد از جلد تعمیر کر دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ مستقل پل کا بھی ڈیزائن فائنل کر کے جلد تعمیر شروع کی جائے۔