اسلام آباد(خبر نگار)عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے گرفتار کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں پارٹی رہنماں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو وقت کی اہمیت نہیں سمجھتا وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا، کبھی پاکستان کی تاریخ میں ایسا جذبہ جنون نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی نئی بات نہیں کی، 26 سال سے کہہ رہا ہوں کہ کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا، یہاں یہ چور اور کرپٹ وہ سارا پیسہ لوٹ لیتے ہیں، یہ لوگ خود لندن میں جا کر بیٹھ جاتے ہیں۔عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف اور اس کا بھائی میر جعفر اور میر صادق ہیں، شہباز شریف کو کل جہلم کے جلسے میں جواب دوں گا، شہباز شریف کہتا ہے ہمیں مشکل وقت ملا ہے، مشکل وقت تو ہمیں ملا تھا۔چیئر مین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ ہم سب سے زیادہ ڈالرز ملک میں لائے، ٹیکس بھی سب سے زیادہ ہم نے اکٹھا کیا، ہماری ایکسپورٹس بھی سب سے بہتر رہیں، فصلیں بھی سب سے زیادہ ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا میں ساری دنیا تباہ ہو گئی، ہم نے معیشت کو سنبھال کر رکھا، انہوں نے امریکا کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف سازش کی، ہندوستان کا گروتھ ریٹ منفی میں چلا گیا، ہم نے اسی دور میں گروتھ ریٹ 5سے6 فیصد تک لے جا کر دکھایا۔عمران خان نے کہا ہے کہ سارے کریمینلز اوپر آ کر بیٹھ گئے ہیں، یہ کہتے ہیں ہم فوج کے خلاف بات کرتے ہیں، شہباز شریف کا بڑا بھائی فوج کے خلاف بات کرتا تھا، انہوں نے مجھے گرفتار کرنے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔چیئر مین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ انہوں نے جو بھی کیا اپنا ہی نقصان کریں گے، اپنے حلقوں میں جائیں اور لوگوں کو تیار کریں، وقت ضائع مت کریں، لوگوں کے اندر اس طرح کا جذبہ کبھی نہیں دیکھا۔