گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانا پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے اس پر عملدرآمد کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں گے،تمام اضلاع کا دورہ کروں گا،سوست بارڈر دو طرفہ تجارت کے لئے کھولنے،شیشپر گلیشیر اور روندو کے متاثرین کی آبادکاری کے لئے اقدامات اٹھائیں گے، مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان
گلگت (نمائندہ بانگ سحر)وفاقی مشیرِ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان قمرالزماں کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانا پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے اس پر عملدرآمد کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لئے تحریک انصاف کی حکومت کا خاتمہ ضروری ہے۔فیڈرل پی ایس ڈی پی کے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اورگلگت بلتستان کو اعلیٰ معیار کی گندم فراہم کریں گے۔ قمر الزمان کائرہ نے تاجروں کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوست بارڈر دوطرفہ تجارت کے لئے کھولنے کے حوالے سے جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ششپر گلیشئر کے متاثرین اور متاثرین روندو کی آباد کاری کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں مزید کہا کہ صدر عارف علوی حزبِ اختلاف کا کردار ادا کر رہے ہیں اور انکا رویہ آئین اور اداروں کے خلاف ہتک آمیز ہے، گلگت بلتستان کے گورنر کے حوالے سے بھی بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا اوربہت جلد گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کا فوری دورہ کروں گا۔ اس موقع پر قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ اور سابق وزیر اعلیٰ مہدی شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی بھی ہمراہ تھے۔
گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے تحریک انصاف کی حکومت کا خاتمہ ضروری ہے، قمر زمان کائرہ
Leave a comment