محکمہ اطلاعات کو ڈی جی پی ارطرز پر مکمل فعال ادارہ بنائیں گے،جی بی کی خوبصورتی کو عالمگیر سطح پر اجاگر کرنے کے لئے دستاویزی فلموں کی تیاری کے لئے محکمہ اطلاعات کا کردار انتہائی اہم ہے،محی الدین وانی
محکمہ اطلاعات نے اخباری واجبات کی جانچ پڑتال، ڈیجیٹل ریکارڈ کی ترتیب سمیت اخباری صنعت، سوشل میڈیا چینلز اور عامل صحافیوں کی بہتری کے لئے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں،سیکرٹری محکمہ اطلاعات مومن جان کی بریفنگ
گلگت(بانگ سحر نیوز)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی کو محکمہ اطلاعات گلگت بلتستان کیجانب سے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہم محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈی جی پی آر کی طرز پر ایک مکمل فعال ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات کو درکار آسامیوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کیس تیار کیا جائے، صحافتی تنظیموں اور عامل صحافیوں کی ترقی اور ان کے استعداد کار اور فنی و تکنیکی معاونت کے لیے ضروری فنڈز مختص کریں گے۔ اخباری صنعت اور خصوصا مقامی اخباری صنعت کی سپورٹ اور بہتری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان علاقے میں اخبارات خصوصا جنرل مقامی اخبارات کی بہتری کے لیے بھی ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان ایک خوبصورت علاقہ ہے اور یہاں کی خوبصورتی کو عالمگیر سطح پر اجاگر کرنے کے لئے دستاویزی فلموں کی تیاری کے لئے محکمہ اطلاعات کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات حکومت اور عوام کے بیچ پُل کا کردار ادا کرتا ہے، حکومتی سطح پر عوام کی بہتری اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی میڈیا خصوصاً اخبارات اور ویب چینلز کے زریعے تشہیر انتہائی ضروری ہے۔ گلگت بلتستان میں اخبارات کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا خصوصاً فیس بک اور ٹویٹر سمیت انٹر نیٹ پہ موجود ٹی وی چینلز کے لئے صوبائی سطح پر تیار کی گئی پالیسی کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو سیکرٹری محکمہ اطلاعات مومن جان نے ادارے کی بابت بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کم عرصے کے دوران ہی محکمہ اطلاعات نے اخباری واجبات کی جانچ پڑتال، ڈیجیٹل ریکارڈ کی ترتیب سمیت اخباری صنعت، سوشل میڈیا چینلز اور عامل صحافیوں کی بہتری کے لئے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فاروق احمد اور اسسٹنٹ ڈائیریکٹر محمد سلیم خان بھی موجود تھے۔
گلگت بلتستان میں اخبارات کی بہتری کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے،چیف سیکرٹری
Leave a comment