چلاس(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطااللہ شاہ نے دیامر کیمپس کا تفصیلی دورہ کیا۔ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز کے مطابق دورے میں وائس چانسلر نے دیامر کیمپس کی فیکلٹی اور مینجمنٹ اسٹاف اور طلبا سے ملاقاتیں کیں۔دورے میں وائس چانسلر نے مجموعی طور پر دیامرکیمپس کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل سمیت کیمپس میں جاری تعمیراتی امور،طلبہ وطالبات کے لیے پڑھانے والے تدریسی پروگرامزکا تفصیلی جائزہ لیا۔وائس چانسلر قراقر م انٹرنیشنل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے دیامر کیمپس کی ٹیم کا مل کرکام کرنے کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ کیمپس کی تعمیر وترقی کے لیے انفرادی واجتماعی کوششیں کرینگے اور مل کر کیمپس کو پاکستان کی بہترین کیمپس بنائینگے۔ وائس چانسلر نے کہاکہ اصولی طور پر فیصلہ کیاگیاہے کہ داریل،تانگیر اور گوہر آباد میں ہائیرایجوکیشن اوٹ ریچ سنٹر بنائے جائینگے۔جس میں خاص طور پر خواتین کو اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے زیور سے آراستہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔اور یہ بھی فیصلہ کیاگیاہے کہ ابتدائی طور پر ان اوٹ ریچ سنٹرز میں ایک پروگرام شروع کیاجائے گا۔جس میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی دیامر کیمپس کے فیکلٹی ہفتہ میں دو سے تین دن سنٹرز میں جاکر پڑھائینگے۔جبکہ بقیہ دنوں میں آن لائن پڑھائینگے۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد دیامرکیمپس چلاس کو پائیدار کرناہے۔جو آنے والے وقتوں میں زیادہ سے زیادہ طلبہ وطالبات کے لیے تعلیمی مواقع فراہم کرسکے اور دوسری طرف خواتین کو اعلیٰ تعلیم وتحقیق کی طرف بڑھانا ہے۔وائس چانسلر نے طلبا کو تاکید کرتے ہوئے کہاکہ ملکی تعمیروترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردا ر ادا کرنے کے لیے طلبا اعلیٰ تعلیم وتحقیق پر توجہ مرکوز کریں۔وائس چانسلر نے کہاکہ یونیورسٹی اپنے محدود وسائل کے باوجود بھی دیامر کیمپس کے طلبا کے لیے سکالرشپ اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کررہی ہے۔وائس چانسلر نے فیکلٹی ممبران کو تاکید کیاکہ وہ طلبا کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کا بہترین پلان ترتیب دیں جن میں سٹیڈی ٹورز،سیمینارز،ورکشاپس،کانفرنسز کا انعقاد ہے۔جن سے طلبا کی شخصیت سازی میں بہتری آجاتی ہے۔وائس چانسلر نے فیمل فیکلٹی کو کیمپس میں فمیل طالبات کی زیادہ سے زیادہ داخلے کے لیے کردار ادا کرنے پر زوردیا۔اس حوالے سے وومن کیمپس میں فیمل کانفرنس کا انعقاد کرنے کی بھی تجویز دی۔