گلگت(نامہ نگار)گلگت مرکزی انجمن تاجران رجسٹرڈ، متاثرین سستا بازار اور عوامی ایکشن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ انجمن تاجران گلگت میں منعقد ہوا،اجلاس میں صدر مرکزی انجمن تاجران گلگت حیات بیگ، چئیرمین عوامی ایکشن کمیٹی فداحسین، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران مومی مغل، صدر پختون ویلفئیر اظہر علی شاہ، سیکرٹری انفارمیشن انجمن تاجران عبدالغنی، آفس سیکرٹری محمد رمضان سمیت متاثرین سستا بازار شریک ہوئے،اجلاس میں حکومت کی طرف سے متاثرین سستا بازار کی کسی قسم کی دادرسی نہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود نہ حکومت نے واقعے کے اصل محرکات کو سامنے لایا اور نہ دہشت گردی کے اس واقعے کی ایف آئی آر میں اے ٹی اے(ATA) لگایا گیا جبکہ متاثرہ فریق کی طرف سے ایف آئی آر میں اس واقعے کو باقاعدہ دہشت گردی قرار دیا گیا ہے،صوبائی حکومت نے بارہا متاثرین سستا بازار کی امداد کے وعدے کئے اور وزیر اعلیٰ جناب خالد خورشید نے رمضان سے قبل متاثرین کی امداد کا وعدہ کیا لیکن تاحال متاثرین امداد کے منتظر ہیں عید قریب ہے لیکن متاثرین اپنے گھر جانے کے بھی قابل نہیں۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ متاثرین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے متاثرین کے مطالبات کی منظوری کیلئے انجمن تاجران اور متاثرین سستا بازار کا منگل کے روز مشترکہ احتجاج ہوگا جسمیں عوامی ایکشن کمیٹی بھی شریک ہوگی۔