اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے اداروں کے خلاف بات بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، عمران خان سے جب ادارے اور الیکشن کمیشن سوال پوچھے تو انہیں گالی دے دیتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر جتنی مرضی تنقید کریں لیکن ریاست پر کوئی بات نہیں ہونی چاہئیے، آزادی اظہار رائے کے ساتھ ہمارے اوپر ذمہ داری بھی بہت بڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے جب ادارے اور الیکشن کمیشن سوال پوچھے تو انہیں گالی دے دیتے ہیں، آئین کی حفاظت کیلئے جب عدالتیں کھلیں تو خان صاحب آپ انہیں گالیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان عقل کے ناخن لیں اور اگلے سال الیکشن کا انتظار کریں، اگلے الیکشن میں عمران خان کی جو ہار ہوگی وہ ہار پہن کر عوام کے سامنے جائیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان سولہ سال سے ملک کے سابق وزرائے اعظم کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرتے رہے، کنٹینرز پر چڑھ پر پولیس والوں کے خلاف سر پھاڑے اورسول نافرمانی تحریک کی کال دیتے رہے اور اقتدار میں آکر خان صاحب نے مخالفین پر الزام لگا کر سزائے موت کی چکیوں میں رکھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی مخالفین پر ہیروئن کے پرچے بنائے کسی پر کرپشن کے الزامات لگائے اور جب انکے مخالفین کو عدالتوں سے رہائی ملی تو مدینہ کی ریاست کی سیاست شروع کر دی۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی کارکردگی صفر رہی لوگوں کو بے روزگار کیا بہتان بازی اور غلاظت اگلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں بچوں کی تربیت کررہا ہوں، گالی اور تہمت سے بات شروع کرنے والا کیا بچوں کی تربیت کرے گا۔