قراقرم یونیورسٹی کو 10 کروڑ کی گرانٹ دینگے،وزیر اعلیٰ
یونیورسٹی میں گلگت بلتستان ڈولپمنٹ پیکج کے تحت کلاس رومز، ہاسٹلز اور آڈیٹوریم تعمیر کیا جائے گا، اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کریں گے،اگلے تین ماہ میں مختلف شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی،پانچ سال میں گلگت بلتستان کو لوڈ شیڈنگ سے پاک کرنے کا ہدف ہے، خالد خورشید
گلگت(بانگ سحر نیوز) وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تعلیمی،ماحول دوست قیادت اور انٹرپرینورشپ کے لیے پائیدار ایکو سسٹم کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ کانفرنس میں شرکت و خطاب! اس موقع پر وزیر اعلی خالد خورشید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت قراقرم بین الاقوامی یونیورسٹی میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اس موقع پر قراقرم یونیورسٹی کیلئے 10کروڑ روپے کے گرانٹ کا اعلان کیا اور کہاکہ یونیورسٹی کیلئے گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت خصوصی منصوبہ منظور کرایا گیا ہے۔ اگر وفاقی حکومت کے ذریعے منظور ہونے والے ڈویلپمنٹ پیکیج کے منصوبے میں تاخیر ہونے کی صورت میں حکومت گلگت بلتستان اپنے سالانہ ترقیاتی پلان سے یونیورسٹی کے گرلز ہاسٹل بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بے پناہ قدرتی وسائل موجود ہیں۔ انہیں بہتر انتظام و انصرام کے ذریعے انسانی ترقی کیلئے بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی آزاد کشمیر یونیورسٹی کے مابین سٹورڈنٹ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے بات کی گئی ہے۔ امید ہے کہ قراقرم یونیورسٹی کا شمار دنیا کے نامور یونیورسٹیز میں ہوگا۔ ملک کے دیگر صوبوں اور بیرون ملک سے لوگ تعلیم حاصل کرنے کیلئے قراقرم یونیورسٹی میں داخلہ لیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور جنگلات کے کٹاؤ کی وجہ سے گلگت بلتستان کے گلیشیرز تیزی سے پگھل رہے ہیں جو تباہی کا سبب بن سکتے ہیں۔ گلیشیرز کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت اس حوالے سے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے پہلے سال میں 370 ارب کا ترقیاتی پیکیج گلگت بلتستان کیلئے منظور کروایا۔ اس سال مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کو یقینی بنائیں گے۔ گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔ آئندہ پانچ سالو ں میں گلگت بلتستان سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سی پیک اکنامک زون مقپون داس اور سوست میں سپیشل اکنامک زون قائم کیا جائے گا سکردو اور چلاس میں بھی سپیشل اکنامک ذونر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے فائبر آپٹک کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان عوام کو حقیقی معنو ں میں بااختیار بنانے کیلئے لوکل گورنمنٹ کا بہترین نظام متعارف کرائے گی۔
قراقرم یونیورسٹی کو 10 کروڑ کی گرانٹ دینگے،وزیر اعلیٰ
Leave a comment