اسلام آباد(نامہ نگار) سینئر صحافی،صدر گلگت بلتستان جرنلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد شبیر حسین حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے. ان کی تدفین آج آبائی علاقے سکردو میں کی جائے گی. تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی، رپورٹر ایکسپریس نیوز شبیر حسین کو دوران ڈیوٹی شدید سینے میں درد کے باعث فوری طور پر سپریم کورٹ میڈیکل سینٹر میں چیک اپ کیا گیا اور ای سی جی کی گئی جو کلیر آگئی تھی تاہم ڈاکٹرز نے پمز ہسپتال جانے کا مشورہ دیا اور وہاں سے دفتر کی گاڑی میں ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہارٹ اٹیک ہوا تو ڈرائیور سے کہا کہ مجھے جلدی ہسپتال پہنچا دیں تاہم اسی دوران ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر گئے. بعدازاں بری امام ان کی رہائش گاہ لیجایا گیا جہاں میت کو غسل دینے کے بعد نماز جنازہ ادا کی گئی جسمیں لواحقین، عزیز و اقارب، گلگت بلتستان جرنلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد کے ممبران، جڑواں شہروں کے صحافیوں سمیت ڈی جی پاک ای پی اے فرزانہ الطاف شاہ،سابق صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، صدر نیشنل پریس کلب انور رضا، فنانس سیکرٹری نیئر علی، صدر آر آئی یو جے عابد عباسی، جنرل سیکرٹری طارق ورک، سابق صدر نیشنل پریس کلب طارق چوہدری اور دیگر کثیر تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی. شبیر حسین کی ناگہانی موت پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینٹر شیریں رحمان، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، وزیر اطلاعات جی بی فتح اللہ خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس، سابق وزرائے اعظم سردار عبدالقیوم نیازی، راجہ فاروق حیدر سمیت دیگر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی. شبیر حسین مرحوم نے لواحقین میں ماں باپ، بیوہ، اور پانچ بچے چھوڑے ہیں۔