گرمی کی چھٹیوں کا سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا‘ سرکاری اسکولوں کے بچوں میں نیا سلیبس گرمی کی چھٹیوں میں تقسیم کیا جائے گا
رواں تعلیمی سال 31 مارچ کی بجائے 31 مئی کو ختم ہو گا، نیا تعلیمی سال یکم اگست 2022 سے 31 مارچ 2023 تک ہو گا، یکم اگست سے نیا تعلیمی سال شروع ہوگا۔ محکمہ تعلیم پنجاب
لاہور (خبر نگار) صوبہ پنجاب کے اسکولوں میں گرمی کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن آئندہ ہفتہ ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب نے بچوں کو گرمی کی چھٹیوں کا کام 31 مئی تک دینے کی ہدایت جاری کردی ہے اور اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کے نتائج کا اعلان بھی 31 مئی سے قبل کیا جائے گا، جس کے بعد اسکولوں میں گرمی کی چھٹیوں کا آغاز یکم جون سے ہوگا، گرمی کی چھٹیوں کا سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہے گا، سرکاری اسکولوں کے بچوں میں نیا سلیبس گرمی کی چھٹیوں میں تقسیم کیا جائے گا اور یکم اگست سے نیا تعلیمی سال شروع ہوگا۔اس سے قبل محکمہ تعلیم سندھ نے بھی موسم گرما کی چھٹیاں جون جولائی میں کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا سالانہ اجلاس ہوا، اجلاس میں تعلیم سیشن، امتحانات اور گرمیوں کی تعطیلات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں سندھ میں نیا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اسی طرح نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 17 مئی کو منعقد ہوں گے، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 15جون کو لیے جائیں گے، سندھ میں موسم گرما کی چھٹیاں جون جولائی میں ہوں گی۔قبل ازیں یہ بتایا گیا تھا کہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں 2 ماہ ہو ں گی، محکمہ تعلیم نے تعلیمی سال میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی، تعلیمی سال 2022۔ 23 کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق رواں تعلیمی سال 31 مارچ کی بجائے 31 مئی کو ختم ہو گا، نیا تعلیمی سال یکم اگست 2022 سے 31 مارچ 2023 تک ہو گا، بچوں کو گرمیوں کی چھٹیاں صرف دو ماہ کیلئے دی جائیں گی۔
اسکولوں میں گرمی کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن آئندہ ہفتہ ہونے کا امکان
Leave a comment