پورے ملک میں پندرہ فیصد خصوصی الاونس دیا گیا لیکن جی بی میں اس فیصلے پر عمل درآمد تاحال نہیں ہوسکا
مطالبات کو پورا اور انتقامی کاروائیاں بند کی جائے، آل لائن ڈیپارٹمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن رہنماؤں کی پریس کانفرنس
گلگت(جہانگیر ناجی) آل لائن ایمپلائز ڈیپارٹمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن جی بی نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے 26 مئی سے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پرامن احتجاج اور 31 مئی تک ڈی آر اے نہ دینے کی صورت میں وزیراعلی سیکرٹریٹ کے باہر مطالبات کی منظوری تک دھرنہ دینے کی اعلان کر دیا۔ آل لائن ڈیپارٹمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے صدر حاجی اجلال حسین، مبارکہ گل جنرل سیکرٹری و جنرل باڈی کے دیگر مرکزی رہنماؤں نے ملازمین کے جنرل باڈی کے اجلاس کے بعد گلگت پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ملازمین اور چاروں صوبوں میں پندرہ فیصد خصوصی الاونس مارچ سے دیا گیا لیکن جی بی میں اس فیصلے پر عمل درآمد تاحال نہیں ہوسکا جبکہ پرامن احتجاج کرنے والے ملازمین کو دور دراز کے علاقوں میں تبادلے کر کے انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا گیا جن کے متعلق غور و خوض کے لیے ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا صوبائی اجلاس طلب کیا گیا جس میں منظور کی جانے والی قراردادوں میں ملازمین کے مطالبات کو پورا کرنے اور انتقامی کاروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔آل ڈیپارٹمنٹ جی بی کے صدر حاجی اجلال حسین نے کہا کہ سٹیٹ کے ملازم ہونے کی حیثیت سے اپنے جائز مطالبات کے لئے پرامن جدوجہد کرنا آئینی حق بنتا ہے لیکن بعض عناصر اس حق کے حصول کی راہ میں روڑے اٹکا رہے رہے ہیں۔انہوں نے گلگت بلتستان کے 55 ہزار سرکاری ملازمین کو ان کا جائز حق دلانے کے لئے چیف منسٹر اور چیف سیکرٹری سے معاملے کا فوری نوٹس لے کر معاملات حل کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں آج سے بازوں پر کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج شروع کریں گے اور 31 مئی تک ڈی آر اے کی ادائیگی سمیت دیگر مطالبات حل نہ ہونے کی صورت میں وزیر اعلی سیکرٹریٹ کے باہر غیر معینہ مدت تک دھرنا دیا جائے گا۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر ڈی آر اے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو کیبنٹ کا اجلاس بلاکر باقاعدہ دھرنے کی طرف جانے کا فیصلہ کیا جا ئے گا۔ اور مطالبات کی منظوری تک دن و رات وزیراعلی سیکرٹریٹ کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔
آل لائن ایمپلائز ڈیپارٹمنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن نے 26 مئی سے احتجاج کا اعلان کر دیا
Leave a comment