یکم جولائی سے صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی میں علاج فری کیا جارہا ہے، وزیر اعلی کا سیکریٹری صحت اور سیکریٹری آئی ٹی کوتمام ہسپتالوں کی آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت
گلگت(نامہ نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کے زیر صدارت ہونے والی ہیلتھ ریفامز سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ ریڈیالوجی، گائنی کالوجی، اینستھیزیا کے شعبے میں ایف سی پی ایس مکمل کرکے آنے والے ڈاکٹروں کو ملازمت کی سہولت فراہم کرنے کیلئے خصوصی پالیسی اور ڈاکٹروں کی مشاورت سے ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی صوبائی کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی جائے۔ اسی سال تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ہسپتالوں کو فعال کیا جارہا ہے جس سے ڈویژنل ہسپتالوں پر عوام کا رش کم ہوگا۔ صوبے کے ڈویژنل ہسپتالوں میں بڑے اور پیچیدہ بیماریوں کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ گلگت بلتستان سے مریضوں کو ملک کے دیگر صوبوں میں علاج کیلئے جانا نہ پڑے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ یکم جولائی سے صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی میں علاج فری کیا جارہا ہے جس کیلئے 8 کروڑ کا اضافی بجٹ فراہم کیاجائے گا جس کے بعد بتدریج ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی فری کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبے کے تمام ہسپتالوں کی آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری صحت اور سیکریٹری آئی ٹی کو ہدایت کی ہے کہ این آئی ٹی بی اور پی آئی ٹی بی کے تعاون سے جلد از جلد صوبے کے تمام ہسپتالوں کی آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مکمل کریں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہاکہ ہسپتالوں کی بروقت ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے وزیر صحت، وزیر قانون، وزیر خزانہ، سیکریٹری صحت اور سیکریٹری خزانہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی سفارشات پیش کریں۔صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایم آر آئی مشین سمیت ہسپتالوں میں مشینری کی بروقت مینٹی ننس یقینی بنانے کیلئے متعلقہ فرمز کی شارٹ لسٹنگ کے عمل کو حتمی شکل دیں۔ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے صوبائی وزیر صحت کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے ہسپتالوں کا دورہ کریں اور ناقص صفائی پر متعلقہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی سفارش کریں جس کی روشنی میں غفلت برتنے والے ملازمین کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ جون 2022تک تمام ضلعی ہیڈکوارٹر کے ہسپتالوں کو فعال بنائیں۔ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں ڈائیلسسز مشینوں کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ جلد از جلد ڈائیلسسز مشینوں کی خریداری عمل میں لائیں۔
ڈویژنل ہسپتالوں میں پیچیدہ بیماریوں کے علاج کی سہولت فراہم کریں گے،خالد خورشید
Leave a comment