لاہور سے اسلام آباد آنے والے تمام راستے بند،راستے بند کرنے کیلئے پولیس نے سیکڑوں بسیں اور کنٹینرز پکڑے لیے
اسلام آباد انتظامیہ کا فیض آباد انٹرچینج کو سیل کرنے کا فیصلہ، اسلام آباد پولیس کی اضافی نفری فیض آباد تعینات کردی گئی
اسلام آباد/لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے لانگ مارچ روکنے کے لیے کئی شہروں میں اہم شاہراہوں کو کنٹینر لگاکر بند کردیا جس کے سبب مسافروں کو شدید پریشان کا سامنا ہے۔پولیس نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے لاہور سے اسلام آباد جانے والے تمام راستے بند کردیے جس کے لیے پولیس نے سیکڑوں بسیں اور کنٹینرز پکڑے ہیں۔ پنجاب میں رینجرز بھی طلب کرلی گئی ہے جب کہ لاہور سے مختلف شہروں کو جانے والا ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔شاہدرہ چوک بند کرنے کے باعث میٹرو بس سروس کو ایم اے او کالج تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ راوی پل کو کینٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔کنٹینرز، بسیں پکڑنے پر ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج ہوگئے اور کہا کہ پولیس نے ہماری سیکڑوں بسیں پکڑلیں، سیاسی نورا کشتی میں ہمارا کروڑوں کا نقصان کردیا گیا۔راولپنڈی جی ٹی روڈ کو اٹک خرد سے 15 کنٹینرز اور 14 ٹریلر کھڑے کرکے بند کردیا گیا ہے۔ نیشل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹریفک کو متبادل راستہ دیا جارہا ہے، راولپنڈی موٹروے ایم 2 راوی ٹول پلازا سے بند کیا گیا ہے۔موٹر وے پولیس کے مطابق بابو صابو سے موٹر وے جانے والا ٹریفک روک دیا گیا، ٹریفک کا رخ ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ اور بابو صابو کی جانب کردیا گیا، راولپنڈی جی ٹی روڈ کو دریائے جہلم پل سے بند کردیا گیا ہے۔لاہور سے راولپنڈی ٹریفک بند کردی گئی ہے، راولپنڈی سے لاہور جانے والا ٹریفک بھی بند کردیا ہے اور اسے متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد سے کوٹ مومن موٹروے ایم 2 کو بھی بند کردیا گیا ہے۔راولپنڈی اٹک موٹروے ہارون پل کو 8 کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔ اٹک حضرو سرکل میں شاہراہیں بند کردی گئی ہیں۔ راولپنڈی چھچھ موٹروے انٹرچینج کو 15 کنٹینرز اور 25 ڈمپرز لگا کر بند کردیا گیا۔ دریں اثنا راولپنڈی کمیٹی چوک انڈر پاس پر کنٹینر لگا کر مری روڈ کو بند کر دیا گیا۔جڑواں شہروں کے تمام بس اڈے سیل کردئیے گئے ہیں۔ پیرودہائی بس اڈہ، فیض آباد، 26 نمبر چنگی بس اسٹاپ بھی سیل کردیا گیا۔ سواں بس ٹرمینل بھی انتظامیہ نے سیل کردیا۔ راولپنڈی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو بسیں سڑکوں پر نہ لانے کی ہدایت کردی جس کے بعد راولپنڈی سے دیگر شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند کردی گئی جس کے سبب مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔اسی طرح انتظامیہ نے میٹرو بس سروس کو شام 5 بجے سے صدر تا فیض آباد پنڈی سکیشن پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شام پانچ بجے سے راولپنڈی سکیشن پر میٹرو بس سروس کو بند کردیا جائے گا جب کہ 25 مئی کو جڑواں شہروں میں میٹرو بس آپریشن مکمل طور پر بند رہے گا۔میٹرو بس اتھارٹی انتظامیہ کو پشاور موڑ ڈپو بھی خالی کرنے کی ہدایات دی ہیں اور کہا گیا ہے کہ تمام بسیں راولپنڈی صدر سے مریڑھ سکیشن کے ایلویٹیڈ ٹریک یا کسی متبادل جگہ منتقل کیں جائیں گیں، میٹرو سروس کی تمام املاک کی سیکیورٹی مکمل کرلی، سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے بھی سفارش کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ،اسلام آباد سیل،موٹروے بند،میٹرو سروس بھی معطل کر دی گئی
Leave a comment