اسلام آباد(نامہ نگار)صوبائی وزیر اطلاعات،منصوبہ بندی وترقی فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ وفاق کی امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں،ان سے نہ ملک کا نظام کنٹرول ہو رہا ہے اور نہ ہی مہنگائی کنٹرول ہورہی ہے۔ہر طرف افراتفری کا سماں ہے،عمران خان بہت جلد مضبوط ہوکر آئیں گے، اور صرف معیشت ہی نہیں جھوٹ کی سیاست کو بھی ٹھیک کرنے آرہے ہیں۔اس وقت عوام کا فیصلہ ہر ضلع ہر شہر اور ہر صوبے میں دن بدن آرہا ہے اور عمران خان کی ہر طرف مقبولیت میں اضافہ دیکھ کر پی ڈی ایم بری طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ ایک شرمناک عمل ہے،مزہبی رنگ دینے کی بھی کوشش کی گئی۔امپورٹڈ حکومت ملک اور معیشت کا بیڑہ غرق کرنے پر تلی ہوئی ہے۔عمران خان کی تشکیل کردہ سیاسی روایات کو پامال کیا جارہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت ملک میں بدتمیزی کا کلچر متعارف کرا رہی ہے، پوری قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہے۔ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان کی معیشت اور اس کے قومی مفادات ملک میں کسی انتشار، فتنہ وفساد اور خوں ریزی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت زندگی کے ہر شعبے میں بہترین تبدیلیاں جلد آئینگی اور اس کامیابی کا سہرا صرف اور صرف عمران خان کے سر جائے گا۔وزیر اطلاعات نے مزید کہاکہ پاکستان کے باشعور عوام عمران خان کے ساتھ تھی،ہے،اور ہمیشہ رہے گی،عوام اپنے اوپر کوئی امپورٹڈ قوت حاوی ہونے نہیں دینگے۔