اسلام آباد(نامہ نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، میں نے آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی ایم آئی کو درخواست دی ہے جس میں 7 لوگوں کے نام دیئے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے، یہ رانا ثنا اللہ کے ذریعے گند ڈالنا چاہتے ہیں، آصف زرداری یہی چاہتا تھا پنجاب میں گند ڈالے، یہ تحریک سے پہلے شیخ رشید اور عمران خان کو جیل بھیجنا چاہتے ہیں، مجھے خوشی ہے میرے بھتیجے کو جھوٹے کیس میں گرفتار کیا گیا، اگر مریم اورنگزیب یہ کہہ دے کہ راشد شفیق اس دن وہاں تھا اس کو میں قبول کروں گا، میرا ایک نہیں دوسرا تیسرا بھتیجا بھی لے جا میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے میرا نام تو دینا ہی تھا، عمران خان جیسا آدمی جو ننگے پاں روضہ رسول پر جاتا ہے اس کا نام بھی مقدمہ دے دیا، جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی میرا زیور ہے، عدلیہ انصاف کرے، سارا بوجھ عدلیہ پر آنے والا ہے، جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، ایف آئی آرز پڑھیں، ساری ایف آئی آرز رانا ثنااللہ نے خود لکھوائی ہیں، مقتدر حلقے کبھی خاموش نہیں رہتے، ان کی آنکھیں اور کان کھلے ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم ناموسِ رسالت کیعاشق ہیں جو بھی حرمین شریفین کی تضحیک کرے ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں، میں نے پشاور میں کہا تھا کہ لوگوں نے انہیں گالیاں دینی ہیں، میں نے حکومتی وفد کو ان کی مدد کرنے کے لیے بتایا تھا کہ آپ کے حالات خراب ہیں، یہ سارا کام روزہ رسولﷺ سے باہر ہوا، یہ کل بکتر بند گاڑیوں میں گئے ہیں تو وہاں بھی ان کو چور بولا گیا، 19 دن پہلے جب میں مدینہ گیا تو وہاں پر موجود مائیں میرا ماتھا چومتی تھیں، نوازشریف لندن میں علاج کے بہانے فرار ہوگئے اور انہوں نے وہاں کبھی پیناڈول نہیں کھائی، ان کے پڑوسی بتاتے ہیں کہ یہاں سے جو بھی گزرتا ہے ان کو چور کہہ کے گزرتا ہے، میں آج پھر پیش گوئی کر رہا ہوں یہ دنیا کے جس ملک میں بھی جائیں گے لوگ ان کو ٹماٹر اور انڈے ماریں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں تو پہلے کہتا تھا ن سے ش نکلے گی، اس وقت تو ش کی حکومت ہے، دنیا میں کوئی باپ بیٹا ایسا نہیں جن پر فرد جرم لگنی تھی وہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی ہیں، 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے اور عمر قید کی سزاں میں ہے، ان چوروں نے 40 ارب روپے نگلے ہوئے ہیں،عابد شیر علی کا والد کہتا ہے رانا ثنا اللہ نے18 قتل کیے، انہوں نے 2 سے 300 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے ہیں، ان میں ایسے لوگ بھی ہیں جن کے خلاف ٹنوں منشیات کے کیسز ہیں، میں پاک فوج، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی سے توقع رکھتا ہوں کہ دیکھیں کن کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا، درخواست میں لکھا ہے کہ جن کو رہا کیا گیا دیکھیں ا ن کے خلاف کتنی ٹن منشیات کے مقدمات ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے، گزشتہ رات بھی میرے پیچھے لوگ لگائے رکھے، یہ لوگ مجھے مارنا چاہتے ہیں اور عمران خان کے لانگ مارچ کو فیل کرنا چاہتے ہیں، ان کو شیخ رشید سے تکلیف کیا ہے، میں نے آج تھانہ سیکرٹریٹ میں درخواست جمع کروا دی ہے، جس میں نواز شریف، شہباز شریف، رانا ثنااللہ اور حمزہ شریف سمیت 7 لوگوں کو نامزد کیا ہے اور بتایا ہے کہ یہ لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، میں نے آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی ایم آئی کو بھی درخواست دے دی ہے، میں نے وقت سے پہلے لکھ کر دے دیا ہے کہ مجھے کچھ ہوا تو یہ لوگ ذمہ دار ہیں۔شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے آج وائٹ پیپر بھی جاری کر دیا ہے، مئی کا مہینہ خطرناک اور خوفناک ہے، لوگ عمران خان کی کال پر آ رہے ہیں، چاند رات کو بھی لوگ جھنڈے لے کر نکلیں گے، مائیں بہنیں اس طرح نکلیں گی کہ لوگوں کا سمندر نہیں سنبھالا جائے گا، اگر آپ نے مجھے مجبور کیا تو اکتیس مئی سے پہلے ہر ہفتے پریس کانفرنس کر سکتا ہوں۔