مشکل کی اس گھڑی میں ہنزہ کی عوام کے پاس جانے کے لئے وزیر اعلیٰ کے پاس وقت نہیں ہے، امجد حسین ایڈووکیٹ
گلگت (پ۔ر) قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ششپر گلیشئر کے پگھلاؤ اور سیلاب سے جو تباہی ہوئی ہے اس دوران گلگت بلتستان حکومت مکمل طور پر منظر عام سے غائب رہی۔ وزیر اعلیٰ کو اپنی کرسی خطرے میں نظر آئی تو الٹے پیر بھاگتے ہوئے وزراء کے پاس گئے مگر مشکل کی اس گھڑی میں ہنزہ کی عوام کے پاس جانے کے لئے انکے پاس وقت نہیں ہے۔ کٹھ پتلیوں کے ٹولے کو عوام کی فکر کے بجائے اپنے اقتدار کی ہوس زیادہ ہے۔ صوبائی حکومت کی بے حسی کا یہ عالم تھا کہ پورے دن اس صورتحال پر آنکھیں بند کئے بیٹھی رہی۔ گزشتہ تقریباً تین دنوں سے پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا مگر اس کے باوجود اس نالے کے ارد گرد کی آبادی کو کوئی ہنگامی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے سیلابی صورتحال سے بے گھر ہونے والے افراد سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کر کے خیمے اور دیگر ریلیف کا سامان مہیا کیا جائے تاکہ انکی مشکلات میں کمی آسکے اور مزید جو مکانات اس کی زد میں آسکتے ہیں انہیں بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں پھنسے ہوئے مسافروں اور سیاحوں کی بحفاظت واپسی پر بھی دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پوری دنیا شدید متاثر ہو رہی ہے اس حوالے سے قبل از وقت حفاظتی انتظامات کے لئے قومی سطح پر اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ نقصانات سے بچنے کے لئے عملی اقدامات کئے جا سکیں۔قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اگر حفاظتی اقدامات کئے ہوتے تو قومی اور عوامی املاک کو تبادہی سے بچایا جا سکتا تھا ۔
مشکل کی اس گھڑی میں ہنزہ کی عوام کے پاس جانے کے لئے وزیر اعلیٰ کے پاس وقت نہیں ہے، امجد حسین ایڈووکیٹ
Leave a comment