گلگت(نامہ نگار)گلگت بلتستان کی حکومت نے گلگت بلتستان میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بہتر کوآرڈینیشن کے لیے محکمہ داخلہ گلگت بلتستان میں فارنرز سیکیورٹی سیل قائم کردیا ہے۔ چینی باشندوں کی رہائش گاہوں اور دفاتر کا معائنہ ڈی سی اور ایس پیز نے اپنے اپنے اضلاع میں کیا ہے۔ تمام متعلقہ افراد کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ نیکٹا پالیسی کے ساتھ دیگر قواعد و ضوابط پر عمل کیا جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ گلگت بلتستان حکومت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو پالیسی کے مطابق تمام خامیوں کو دور کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں،یعنی باؤنڈری والز کی اونچائی، رہائش گاہوں پر سیکیورٹی گارڈز کی تعیناتی، کیمروں کی تنصیب وغیرہ اور ضلعی انتظامیہ چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر نگرانی کرے گی۔ کنٹرول روم ٹیلی فون لینڈ لائن اور فیکس نمبر سے لیس ہےجو تمام ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو فوری ردعمل کے لیے دستیاب ہے۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے خطے میں موجود چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اضلاع میں چائنیز کیمپس اور ہوٹلز کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے چینی باشندوں کی موثر سیکیورٹی انتظامات کیلئے فارنرز سیکیورٹی سیل قائم کردیا ہے اس حوالے سے عملدرآمد کیلئے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی ہدایت پر سکردو،ہنزہ اور دیامر کے ڈپٹی کمشنرز کا مختلف مقامات پر موجود چائنیز کیمپس اور ہوٹلوں کا خصوصی دورہ،سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔حسب ضابطہ چینی باشندوں کی ہمہ وقت سکیورٹی برقرار رکھنے کی بھی ہدایات دیں گئی ہیں،ملکی تاریخ کا میگا پروجیکٹ دیامر بھاشا ڈیم پر کام کرنے والے چائنیز ملازمین اور مزدوروں کو بھرپور سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنائی گئی ہے۔اس حوالے سےچینی باشندوں کی سیکیورٹی کی فراہمی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر سکردو حافظ کریم داد چغتائی نے ایس ایس پی سکردو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سکردو اور مجسٹریٹس کے ہمراہ چائنیز کیمپس اور ہوٹلز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر سکردو نے موقع پر موجود مجسٹریٹ اور پولیس کو ہدایات دیں کہ وہ حسب ضابطہ ان کی ہمہ وقت سکیورٹی کو برقرار رکھیں۔اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ چائنیز کی سکیورٹی حکومت پاکستان اور حکومت گلگت بلتستان کی اولین زمہ داری ہے۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد نے ایس ایس پی دیامر شیر خان کے ہمراہ شنگ نالہ چائنیز کیمپ کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا مکمل جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر دیامر نے چائنیز کیمپ میں سیکیورٹی کے حفاظتی اقدامات کے طور پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا بھی معائنہ کیا اور اس موقع پر ذیادہ سے ذیادہ معیاری کیمروں کی تنصیب کی بھی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر دیامر نے شنگ نالہ چائنیز کیمپ میں چائنیز ملازمین اور زمہ داروں سے میٹنگ کی اور سیکیورٹی سے متعلق اہم امور پر بریفننگ بھی لی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر دیامر نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم ملکی تاریخ کا ایک میگا پروجیکٹ ہے اس منصوبے پر کام کرنے والے چائنیز ملازمین اور مزدوروں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ادھر دپٹی کمشنر ہنزہ نے ایس پی ہنزہ اور دیگر آفیسران کے ہمراہ بھی مختلف ہوٹلز کا دورہ کیا جہاں پر چینی شہری ورک ویزے پر ٹھہرے ہوئے ہیں،اس حوالے سے انہوں نے موثر سیکورٹی انتظامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ہوٹلوں میں جلد از جلد مناسب حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی سی آفس اور پولیس کنٹرول میں چوبیس گھنٹے فارنرز سیکیورٹی سیل قائم کیا گیا ہے اور تمام ہوٹلوں میں فون نمبرز بھی آویزاں ہوں گے۔اس حوالے سے سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسین خان نے متعلقہ حکام کو سی پیک سے متعلقہ دیگر منصوبوں کی سیکورٹی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کو قومی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے۔قانون نافذ کرنیوالے ادارے سی پیک و دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔