گلگت(نمائندہ خصوصی)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے سالانہ ترقیاتی پلان کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ سیکریٹریز 100 فیصد بجٹ یوٹیلائزیشن کو یقینی بنائیں۔ اہداف کے حصول اور معاشی اصولوں کے مطابق بجٹ کے استعمال میں کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے صوبائی سیکریٹری پلاننگ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے بروقت ایڈمن اپرول کا اجراء یقینی بنائیں۔ ترقیاتی عمل کو جمود کا شکار نہیں ہونے دیا جائے گا۔ محکمہ تعمیرات، محکمہ تعلیم، محکمہ برقیات، محکمہ صحت اور محکمہ داخلہ معاشی اصولوں کے مطابق 100فیصد ترقیاتی بجٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے صوبائی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ محکموں سے متعلق اہداف کے حصول اور ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا جائزہ لیں۔ تمام محکمے ٹارگٹڈ سکیموں کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ محکمہ پلاننگ سے مختلف منصوبوں کے ایڈمن اپرول کے اجراء کے بعد ٹینڈر کے عمل میں تاخیر پر وزیر اعلیٰ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ جن منصوبوں کے ایڈمن اپرول جاری ہوئے ہے ان کے ٹینڈر کا عمل فوری طور پر شروع کریں۔ غیر ضروری طور پر ایڈمن اپرول کے اجراء کے باوجود ٹینڈر کے عمل میں تاخیر برتنے والے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔