کراچی (آئی پی ایس)وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد دینے اور سابق وزیراعظم عمران خان کو مہذب طریقے سے رخصت کا مشورہ دینے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی خود بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئے۔اس کے بعد سابق کپتان نے ایک ویڈیو بیان کے ذریعے سارے معاملے کی وضاحت کی اور کہا کہ کسی بھی پالیسی پر اختلاف ان کا حق ہے۔شاہد آفریدی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں نے عام پاکستانی کی طرح اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور عمران خان کے اچھے کاموں کی ہمیشہ تعریف کی کرتا رہوں گا لیکن اختلاف کا مجھے حق حاصل ہے۔عمران خان کو کرکٹ کا بہترین کپتان قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے عمران خان سے متاثر ہو کر کرکٹ کھیلنا شروع کی اور وہ میرے ہمیشہ سے آئیڈیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے جب شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد دی تو معلوم تھا کہ مجھ پر بہت تنقید ہوگی لیکن اس کے پیچھے کوئی سیاسی یا ذاتی مفاد شامل نہیں ہے، ہمارے ملک کا کوئی بھی سربراہ ہمارے لیے قابل احترام ہے کیونکہ وہ پوری دنیا میں ہماری نمائندگی کرتا ہے۔بوم بوم آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے ووٹ لے کر کسی بھی حکومت کو پانچ سال کی مدت مکمل کرنی چاہیے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی عمران خان کی ذات پر تنقید نہیں کی اور ایک لیڈر کے طور پر انہیں دیکھا ہے لیکن مجھے کسی بھی پالیسی یا سوچ سے اختلاف کا حق حاصل ہے۔ہمیں ایک دوسرے سے اختلاف کو نفرت میں نہیں بدلنا چاہیے کیونکہ اختلاف کو برداشت کرنا ایک مہذب معاشرے کی نشانی ہے۔