31مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں،موجودہ حکومت کا اس دن چالیسواں ہو جائے گا،سابق وزیر داخلہ
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو چالیس دن پورے ہوگئے بلکہ یوں کہیں ان کاچالیسواں پورا ہوگیا ہے، آج حکومتی اتحادی کہیں گے کہ حکومت مدت پوری کرے گی، یہ تب بھی نہیں کرسکتے، جی کاجانا ٹھہر گیا ہے، مرکز میں اور پنجاب صوبہ میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جارہی ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 25 ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیا گیا ہے، لیکن پھر بھی یہ لوگ عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں، دو چار دن اور نیچے بھی ہو سکتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عظیم سوموٹو لے کر نیب، ایف آئی ے اور اے این ایف میں ان کے کیسز کے خاتموں کی سازش کو ناکام بنادیا ہے، یہ لوگ اپنے کیسز ختم کرنے آئے تھے، اب ان کو دوبارہ جیلوں کے منہ دیکھنے ہوں گے، یہ اپنے جال میں خود ہی پھنس گئے ہیں، جوکھڈا انہوں نے عمران خان کے لئے کھودا تھا اس میں خود ہی گر گئے ہیں۔شیخ رشید کا کہا تھا کہ پاکستان کی فوج عظیم جانثار فوج ہے وہ کبھی اپنے لوگوں پر گولی نہیں چلائے گی، معیشت کو مزید تباہ ہوتے بھی نہیں دیکھے گی اور ایک ایسا حل نکالے گی جو ملک کو معاشی،سیاسی اور انتظامی بحران سے نکال سکے، موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ فوج کو سیاست میں گھسیٹے، نیشنل سکیورٹی کونسل میں پٹرول،گیس اوربجلی کامسئلہ ان سے حل کروائیں، آرٹیکل 245 کا استعمال بھی کرائیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہوگا، موجودہ حکومت کو شرمندگی اٹھانی پڑے گی۔
عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روکا جاسکتا، شیخ رشید
Leave a comment