اقتدار جانے کے بعد سے دھاڑیں مار مار کر رو رہا ہے، آخری گیند تک کھیلنے کے دعوے کرنے والا مقابلے سے بھاگ گیا
آخری دنوں میں عمران خان نے آئین کی دھجیاں اڑا دیں، تمام حربے ناکام ہوگئے تو جعلی خط اٹھا لیا،ورکرز کنونشن سے خطاب
لاہور (نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ووٹ کے ذریعے نااہل حکومت ختم کی گئی، عمران خان نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا، دوسروں پر الزام تراشی کرنے والے کا اصل چہر ہ عوام کو دکھائیں گے۔لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کارکنوں کے جذبے اور ہمت کو سلام، کھوکھر برادران کی وفاداری کو سلام، مجھے یاد ہے کھوکھر ہاوس کی دیواروں کو توڑا گیا تھا، کھوکھر برادران نے انتقام کے باوجود نواز شریف کا ساتھ نہ چھوڑا، عمران جیسے نا اہل سے پاکستان کے عوام کی جان چھوٹ گئی۔انہوں نے کہا کہ اللہ جسے چاہے عزت اور ذلت دے، کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اللہ نے نواز شریف کوعزت دی اور کوئی وزیراعظم ہاوس میں بیٹھا ذلیل ہوگیا، عوام نے پہلی دفعہ ووٹ کے ذریعے اٹھا کر باہر پھینکا، نواز شریف نے لندن سے تمہاری حکومت ختم کی، آگے، آگے دیکھنا نواز شریف تمہاری سیاست کو بھی دفن کر دے گا، یہ ہمیشہ سے جھوٹ بولتا ہے، اس کا نام جھوٹوں کا بادشاہ ہونا چاہیے، عوام اس کے جھوٹوں کے مقابلے میں سچ سننا چاہتے ہیں، ہر حلقے میں جا کر اس کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔ مریم نواز نے سابق وزیراعظم پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کہتا تھا گھبرانا نہیں ہے، جب سے اقتدار گیا خود دھاڑیں مار مار کر روتا ہے، پچاس لاکھ گھر مکمل نہیں ہوئے، صرف زمان پارک کا گھرمکمل ہوا، جب آخری اوور کا موقع آیا تو یہ پویلین سے باہر ہی نہیں نکلا، میدان چھوڑ کر الٹے پاں بھاگ گیا، مقابلہ کرنے کے لیے اس نے اپنے غنڈوں کو بھیجا، قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی میں غنڈہ گردی کی گئی، غنڈہ گردی سے میرا سرشرم سے جھک گیا۔ان کا کہنا تھا کہ آخری دنوں میں اس نے آئین کی دھجیاں اڑائیں، تمہارے لیے بارہ بجے عدالتیں اس لیے کھلیں کیونکہ تم نے آئین پر خودکش حملہ کیا تھا، تمہارے ذاتی ملازم صدر، اسد قیصر، قاسم سوری، گورنر پنجاب نے حلف سے غداری کی، اس لیے بارہ بجے عدالتیں کھلی تھیں، کل نہیں تو پرسوں حمزہ شہباز حلف اٹھا کر رہے گا، تمہارا خیال تھا عدالتیں تمہارا منہ دیکھتی رہیں گی، شکر کرو ابھی عدالت نے فیصلہ دیا تمہیں سلاخوں کے پیچھے نہیں پھینکا۔ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام حربے ناکام ہوگئے تو جعلی خط اٹھا کر لے آیا، قومی سلامتی کمیٹی سے منہ توڑ جواب ملا، اس کی سازشی خط کی ٹیں، ٹیں سن کر دماغ پک گیا ہے، سازش تو نواز شریف کے خلاف ہوتی ہیں، کیا عمران خان جیسے ناکام شخص کے خلاف کسی کو سازش کی ضرورت ہے، اگلے بائیس سال یہ سازشی خط لیکر پھرتا رہے گا، یہ اب چوکوں میں سازشی خط دکھا، دکھا کر پیسے مانگا کرے گا، توشہ خان، توشہ خور خط چھوڑ کر کارکردگی دکھا، سازش چھوڑ اپنی رپورٹ کارڈ دکھا، توشہ خان، توشہ چور سے عوام نے آٹا، چینی مانگی تو کہا ابسولیٹلی ناٹ، بڑی سنگدلی سے کہتا تھا آلو، ٹماٹر کا ریٹ بتانے نہیں آیا، بنی گالہ سے وزیراعظم ہاوس تک عوام کی ٹیکس کی کمائی کا ایک ارب پھونک دیا۔ان کا کہنا تھا کہ جب اصل حقیقت سامنے آئی تو اداروں کو برا بھلا کہنا شروع کر دیا، خود کہتا ہے فوج کو کچھ نہیں کہنا اور اپنے لوگوں کو گالیاں نکالنے کا کہتا ہے، دنیا کا پہلا پاگل دیکھا اس لیے رو رہا ہے کہ اداروں نے آئین کا ساتھ کیوں دیا، اگر ادارے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں تو اچھی بات ہے، عمران کو مرچیں اس لیے لگ رہی ہیں اس نقل کی عادت پڑگئی ہے، اب کوئی نقل کرانے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ہونگے، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، ضمنی الیکشن سے ہارنے والے ڈر رہے ہیں، جلدی، جلدی الیکشن کرانے کا مطلب عمران تقرریوں میں مداخلت کر کے اگلا الیکشن فکس کرنا چاہتا ہے، اگلی تقرریوں کا فیصلہ میرٹ پر ہوگا، شہباز شریف نے دو ہفتوں میں وہ کام کر دیئے جو 200 سالوں میں بھی نہیں کرسکتا، شہباز اسپیڈ نے دو ہفتوں چینی، گھی، آٹا سستا کر دیا، ایک ہے عمران اسپیڈ، آٹا، چینی، کھاد، گھی کو مہنگا کر دیا گیا، عمران اسپیڈ میں فرح کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔
عمران خان نے زندگی میں کبھی سچ نہیں بولا، مریم نواز
Leave a comment