اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کی اہلیہ کامسیٹس یونیورسٹی کی ایک کروڑ 86لاکھ روپے کی نادہندہ نکلی۔شہباز گل کی اہلیہ سرکاری خرچ پر بیرون ملک پی ایچ ڈی کے لیے جانے کے بعد غائب ہونے والے اسکالرز کی لسٹ میں شامل ہیں۔ وہ سال 2011 میں یونیورسٹی کے خرچ پر پی ایچ ڈی کرنے کے لیے امریکہ گئیں اور گیارہ سال گزرنے کے باوجود واپس نہیں آئیں۔یونیورسٹی نے ایک بار بھر اعزا اسد رسول سے 99 ہزار امریکی ڈالرز کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کردیا۔ دستاویز کے مطابق شہباز گل کی اہلیہ نے قانون کے مطابق اپنے اوپر آنے والے اخراجات کو واپس سرکاری خزانے میں جمع کرانا ہے۔ کامسیٹس یونیورسٹی نے اعزا رسول کے ضامن ایاز شوکت کو بھی الگ سے نوٹس جاری کردیے۔ کامسیٹس یونیورسٹی کی جانب سے اعزا اسد رسول کو لکھے گئے شوکاز نوٹس میں کہا گیاہے کہ آپ کو7 مارچ 2011 میں امریکہ کی University of Illinois at Urbana-Champaign USA(UIUC) کے لیے اسکالرشپ دی گئی، آپ نے یونیورسٹی میں اگست 2011 میں حاضری دی۔ اسکالرشپ کے تحت 2016 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرکے واپس رپورٹ کرنا لازم تھا۔ذرائع کے مطابق شہباز گل کی اہلیہ سے ریکوری کے لیے کامسیٹس یونیورسٹی کی کوششوں پر بھی شہباز گل اپنے دور حکومت میں اثرانداز ہوتے رہے۔ شہباز گل اس کیس کو ختم کرانے اور معاملہ رفع دفع کرانے کے لیے کامسیٹس یونیورسٹی پر دبا ڈالتے رہے، جس کی وجہ سے معاملہ نوٹس جاری ہونے کے ایک سال بعد بھی لٹکا ہواہے۔