سیاحت کا سیزن اتے ہی حکومتی مشینری اپنے فرائض منصبی کو بروقت ادا کرنے میں غافل نظر آتی ہے،سول سوسائٹی نے ضلع انتظامیہ، محکمہ پی ڈبلیوڈی،ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا
سکردو(نامہ نگار خصوصی)سول سوسائٹی بلتستان کا ایک اہم اجلاس دیوسائی پیلس اینڈ ریسٹورنٹ سکردو میں منعقد ہوا. اجلاس کا ایجنڈا بلتستان میں سیاحت کے سیزن کے شروع ہونے کے باوجود بلتستان کی انتظامیہ، محکمہ پی ڈبلیوڈی سکردو اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی جانب سے دیوسائی روڈ کو تاحال کھولنے میں ناکامی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا. جب بھی بلتستان میں سیاحت کا سیزن شروع ہوتا ہے حکومتی مشینری اپنے فرائض منصبی کو بروقت ادا کرنے میں غافل نظر آتی ہے ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے سکردو شہر کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے اور مرکزی شہر کا کو3 حصہ باقی نہیں ہے جہاں دھول، مٹی، پلاسٹک ریپرز کے انبار پڑے ہوئے نہ ہوں. ضلعی انتظامیہ کی یہ روش جان بوجھ کر سکردو شہر کے ساتھ انتقامی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے. اجلاس نے بتایا کہ جی بی حکومت کی جانب سے بلک ڈپو کے قیام میں لیت و لعل سے آئے سال بلتستان بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا کرنا معمول بن گیا ہے. پچھلے سال بھی سیاحت کے موسم میں جگلوٹ سکردو روڈ بند ہونے کے اگلے ہی روز پیٹرولیم مصنوعات ناپید ہوگئے تھے جس سے یہاں کے انتظامی ذمہ داران کی نا اہلی اور یہاں کے عوام کے ساتھ تسلسل کے ساتھ معاندانہ رویہ نمایاں ہوتا ہے. اجلاس نے بتایا کہ بلتستان بھر کے ندی نالوں میں پانی کی وافر مقدار میں بہاؤ کے باوجود مسلسل بجلی کی لوڈشیڈنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا. محکمہ واٹر اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ کی نا اہلی اور یہاں کے عوامی مسائل سے عدم دلچسپی حیران کن ہے محکمہ مذکورہ کے پا س فوری طور پر سکردو شہر اور بلتستان میں بجلی لوڈشیڈنگ کے حل کیلئے کوئی ٹھوس حل تاحال موجود نہیں ہے جس کا اجلاس نے بھر پور مذمت کیا. اجلاس نے سکردو کے شہری علاقوں میں سڑکوں کی ری کارپٹنگ منصوبہ کا تاحال تکمیل کے مراحل کو طے نہ کرنے پر محکمہ کے ذمہ داران کی شدید مذمت کی. اجلاس نے امسال 01 جون سے پہلے تمام زیر تجویز ترقیاتی پروجیکٹس کا پی سی ون منظور کرنے میں جا بوجھ کر تاخیر کرنے پربھی تشویش کا اظہار کیا گیا. اجلاس نے ضلع انتظامیہ، محکمہ پی ڈبلیوڈی،ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی جانب سے بالا مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کے خلاف مورخہ 15 مئی 2022 بوقت 11:00 بجے دن یادگار شہداء سکردو پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا.
سول سوسائٹی بلتستان کا دیوسائی روڈ کو تاحال نہ کھولنے پر شدید تحفظات کا اظہار
Leave a comment