مرحوم وفاق میں جی بی کے سفیر تھے، باصلاحیت،باکردار اور خطے کیلئے مخلص تھے،نزیر ایڈوکیٹ،فتح اللہ
وفاق اور گلگت بلتستان کے درمیان ہمیشہ پل کا کردار ادا کرتے رہے،سیاسی و صحافتی برادری کا مرحوم کو خراج عقیدت پیش
اسلام آباد(ابرار حسین استوری) صدر گلگت بلتستان جرنلسٹ فورم راولپنڈی اسلام آباد و سنئیر صحافی شبیر حسین مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے وزیر اطلاعات گلگت بلتستان کی جانب سے گلگت بلتستان ہاوس اسلام آباد میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جسمیں مرحوم شبیرحسین کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی اور ان کے صحافتی کئیرئر بالخصوص گلگت بلتستان کے حوالے سے وفاق میں ان کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا گیا. دعائیہ تقریب میں ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان نذیر احمد ایڈووکیٹ، وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان، وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان،سابق اپوزیشن لیڈر کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع، وزیر اعلیٰ کے کوارڈینٹرز عالم نور حیدر، غلام نبی، ممبر گورننگ باڈی نیشنل پریس کلب جعفر بلتی، سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان جرنلسٹ فورم راولپنڈی اسلام ابرار حسین استوری، سابق صدر غلام عباس، فورم کی کابینہ سمیت گلگت بلتستان کے وفاق میں فرائض انجام دینے والے صحافی شریک ہوئے. دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان نذیر احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ شبیر حسین مرحوم وفاق میں گلگت بلتستان کے سفیر تھے ان سے جب بھی ملاقات رہی وہ صرف گلگت بلتستان کے مسائل اور مشکلات وفاق میں گلگت بلتستان سے متعلق امور پر گفتگو کرتے تھے جبکہ شبیرحسین مرحوم کی ناگہانی موت نہ صرف صحافتی برداری اور فیملی کیلئے بڑا سانحہ ہے وہی پورا گلگت بلتستان وفاق میں اپنے ایک بہترین اور موثر آواز سے محروم ہوئے. وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے کہا کہ شبیر حسین مرحوم کا انتقال یقیناً بہت بڑا خلاء ہے جیسے شاید کئی عرصے تک پورا نہیں کیا جاسکے کیونکہ شبیر حسین مرحوم وفاق میں گلگت بلتستان کے حوالے سے مختلف ایشوز کو ہائی لائٹ کرتے تھے. انہوں نے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی آلودگی اور اس کے اثرات سے متعلق جو کام کیا اور دنیا بھر کو اصل حقائق اور اس کے اثرات اپنی رپورٹنگ کے زریعے بتایا وہ تاریخ یاد کرے گی. شبیرحسین مرحوم سے بہت اچھا اور بردارنہ تعلق تھا وہ ہمیشہ اہم ایشوز پر تفصیلی گفتگو کرتے اور پوائنٹ آوٹ کرتے تھے. شبیرحسین مرحوم باصلاحیت،باکردار اور خطے کیلئے بہت مخلص رہتے تھے جس سے بھی ملتے تھے ہنستے ہوئے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ کیلئے گھر کر جاتے تھے. وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے شبیرحسین مرحوم کی فیملی کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے سے ہر طرح کا تعاون کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے بھی بات کریں گے اور ہر ممکن تعاون کیا جائے گا. اس موقعے پر وزیر سیاحت گلگت بلتستان راجہ ناصر علی خان، سابق اپوزیشن لیڈر محمد شفیع، میڈیا کوارڈینٹرز عالم نور حیدر، غلام نبی، سابق صدر گلگت بلتستان جرنلسٹ فورم راولپنڈی اسلام آباد غلام عباس، ممبر گورننگ باڈی نیشنل پریس کلب جعفر علی بلتی، سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان جرنلسٹ فورم راولپنڈی اسلام آباد ابرار حسین استوری، نائب صدر شاہین اختر، محمد مختار، سابق سیکریٹری جنرل علی شیر، محمد عباس، عبدالباری، عمرحیات، وزیر نصرت و دیگر نے شبیرحسین مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شبیر حسین مرحوم گلگت بلتستان کا اثاثہ تھے. صحافتی کمیونٹی کے علاوہ گلگت بلتستان سے آنے والے مریضوں کیلئے ہمہ وقت علاج معالجہ اور سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار رہتے تھے جبکہ ہمیشہ سے وفاق میں گلگت بلتستان کا مقدمہ لڑتے تھے. قومی اسمبلی، سینٹ ہو یا ماحولیاتی آلودگی سے متعلق امور گلگت بلتستان کے مسائل کے حل اور اس سے مختلف خبروں پر گرفت ہوتی تھی اور وفاق اور گلگت بلتستان کے درمیان ہمیشہ پل کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
سنئیر صحافی شبیر حسین مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے گلگت بلتستان ہاوس میں دعائیہ تقریب کا اہتمام
Leave a comment